لکھنؤ:09 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)یوپی میں لوک سبھا انتخابات کے امیدوار کے انتخاب میں مصروف کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات اپنے بل پر ہی لڑے گی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور مغربی یوپی کے انچارج جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ ایس پی کی طرف سے رائے بریلی اور امیٹھی سیٹ چھوڑنے کے عوض ان کی پارٹی بھی سماجوادی پارٹی کے لئے 2۔3 سیٹوں پر امیدوار نہیں اتارے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایس پی اور بی ایس پی کے راستے کانگریس سے الگ ہو سکتے ہیں، لیکن ان کا مقصد ایک ہے۔اتر پردیش میں ایس پی۔بی ایس پی کے اتحاد پر شامل ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ :’ہم نے کئی بار یہ بات کہی ہے کہ ہمارا مقصد ایک ہی ہے کہ مرکز میں یو پی اے کی حکومت بننی چاہئے۔ اتر پردیش میں کانگریس طاقت کی بنیاد پر اور اپنے طور پر یہ الیکشن لڑنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس پی اور بی ایس پی نے اپنا فیصلہ لیا ہے اور ان کا یہ حق ہے کہ وہ اپنا فیصلہ کریں، ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔سندھیا نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بات چیت ضروری ہے، لیکن بات چیت دونوں طرف سے ہونی چاہئے۔موجودہ صورت میں کانگریس اپنے دم پر الیکشن لڑے گی، ہمیں اپنی پارٹی کو اتر پردیش میں استحکام دینا ہے ۔اس کے علاوہ مہاگٹھ بندھن سے معاہدے کے سوال پر سندھیا نے یہ بھی کہا کہ ایس پی اور بی ایس پی کے ساتھ ہمارے راستے الگ ہو سکتے ہیں لیکن ہماری منزل ایک ہی ہے ۔ ایس پی کی طرف سے رائے بریلی اور امیٹھی کی سیٹوں کو چھوڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم بھی ان کے لئے دو تین نشستیں چھوڑ دیں گے۔ واضح ہو کہ یوپی میں مہا گٹھ بندھن کے اعلان کے بعد سے ہی اس طرح کی قیاس آرائی کی جا رہی تھیں کہ کانگریس بھی اس مہا گٹھ بندھن میں شامل ہوسکتی ہے ۔